ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹکا میں اکرما سکرما اسکیم کے تحت درخواستوں کی مدت میں توسیع: کاگوڈ تمپا

کرناٹکا میں اکرما سکرما اسکیم کے تحت درخواستوں کی مدت میں توسیع: کاگوڈ تمپا

Mon, 23 Jan 2017 23:45:39    S.O. News Service

بنگلورو۔23/جنوری(ایس او نیوز) ریاست کے دیہی اور شہر ی علاقوں میں سرکاری زمینات پر تعمیر شدہ مکانات کو باقاعدگی دینے کیلئے اکرما سکرما اسکیم کے تحت درخواست داخل کرنے کی مہلت اگلے ماہ 21 سے بڑھا کر 27 تاریخ کردی گئی ہے۔ یہ بات آج وزیر مالگذاری کاگوڈ تمپا نے کہی۔ انہوں نے کہاکہ کرناٹکا لینڈ رینیو ایکٹ کی دفعہ 94C اور94CCکے تحت مکانات کو باقاعدگی دینے کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس اسکیم سے استفادہ کیلئے اس سے پہلے 21/ دسمبر 2016 تک کی مہلت دی گئی تھی اور بعد میں اس کی مدت 27 دسمبر تک بڑھادی گئی۔ انہوں نے کہاکہ اب یہ مدت 27 فروری تک بڑھائی جارہی ہے۔ وزیر موصوف نے کہاکہ غیر قانونی تعمیرات کو باقاعدگی دینے کیلئے فیس میں 50فیصد تک کی کمی لائی گئی ہے۔دیہی علاقوں میں 50x80 رقبہ کی زمین کو باقاعدگی دینے کیلئے محض چھ ہزار روپے جرمانہ لیا جارہاہے۔ حکومت نے اس میں بھی کمی لاتے ہوئے دیہی علاقوں میں اسے تین ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ 30x40 سائٹ کیلئے معاوضہ دو ہزار روپے کردیا گیا ہے۔ شہری علاقوں میں 20x30 رقبہ کی عمارت کیلئے دس ہزار روپے کی فیس مقرر کی گئی تھی، جسے گھٹا کر نصف کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اکرما سکرما اسکیم کے تحت سرکاری زمین پر غیر قانونی مکانات تعمیر کرنے والوں کی طرف سے باقاعدگی کیلئے 30لاکھ سے زائد درخواستیں محکمہ میں پہلے ہی جمع ہوچکی ہیں۔ جلد از جلد ان درخواستوں کو نمٹانے احکامات صادر کئے جائیں گے۔ ریاست میں خشک سالی کی صورتحال کے متعلق کاگوڈ تمپا نے بتایاکہ مانسون کی ناکامی کے سبب 160 تعلقہ جات میں فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، اس سلسلے میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں سے رپورٹ طلب کی گئی ہے، رپورٹ ملنے کے بعد امداد کا مطالبہ کرتے ہوئے مرکز سے نمائندگی کی جائے گی، انہوں نے کہاکہ مکمل طور پر بارش پر منحصر کاشتکاروں کو فصل کی ناکامی پر فی ایکڑ 6800 روپیوں کا معاوضہ ادا کرنا طے کیاگیا ہے۔ مرکزی حکومت کی طرف سے امداد کی رقم جاری ہوتے ہی معاوضہ کی رقم بھی راست طور پر کسانوں کے کھاتوں میں جمع کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن معاوضہ کی ادا ئیگی کیلئے سافٹ ویر کی تیاری کا عمل جاری ہے۔ مرکزی حکومت کی طرف سے 1782کروڑ روپے جاری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے،لیکن اب تک کوئی رقم جاری نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ امداد کیلئے رقم فراہم کرنے میں مرکز کی طرف سے تاخیر ہوئی ہے نہ کہ ریاستی حکومت کی طرف سے۔ 
 


Share: